بھٹکل :15؍ جنوری (ایس اؤ نیوز)کاروارمیں ساگرمالامنصوبے کی خلاف ماہی گیروں کا تیسرے دن بھی احتجاج جاری رہتے بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے اہم منصوبے ساگرمالا کے ذریعے بندرگاہ توسیع کی حمایت کی ہے۔
پریس ریلیز میں رکن اسمبلی نے کہا ہے کہ ساگرمالا منصوبہ وزیراعظم مودی کا ایک خواب ہے ، جو بہت دوراندیشی کے ساتھ تشکیل دیا گیا ہے۔ ماہی گیر طبقے کو اس تعلق سے زیادہ جانکاری نہیں ہے ، انہیں خود ساختہ لیڈران بہکا نےکی کوشش کررہے ہیں۔انہیں بتایا جارہاہے کہ بندرگاہ کی توسیع سے روایتی ماہی گیری کو خطرہ ہے، کاروار سیاحت سے محروم ہوسکتاہے اور آئندہ دنوں میں کاروار شہر ہی غائب ہونے کا خوف پیدا کیا جارہاہے۔ معصوم ماہی گیروں کو بے وقوف بنایا جارہاہے۔ صر ف کاروار نہیں بلکہ پورا اترکنڑا ضلع بھٹکل کے گورٹے سے کاروار کی سرحد تک اس کو سیاحتی ضلع تصدیق کیاگیا ہے۔ بہت سارے مقامات ہیں جہاں وہ اپنی روایتی ماہی گیری کو انجام دے سکتےہیں۔ انہوں نے ماہی گیروں سے اپیل کی ہے کہ وہ غور کریں اور متعلقہ منصوبہ جاری ہوا تو مستقبل میں ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے۔ اس تعلق سے حمایت کرنےکی اپیل کی ہے۔